کوئٹہ(این این آئی)میزان بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ سید سلمان احمد نے کہا ہے کہ میزان بینک بلوچستان میں بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہاہے،جلد بینک کے کمرشل اور فنانس ٹیم کا بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ سیشن کے انعقاد کرائیں گے تاکہ بزنس کمیونٹی ان کے سامنے اپنے مطالبات پیش کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی ودیگر عہدیداران و ممبران کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ میزان بنک کے ریجنل منیجر کمرشل بینکنگ کوئٹہ عامر علی درانی ایریا منیجر خالد محمود بھی موجود تھے۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے میزان بینک کے وفد سے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بارڈرز پر برانچز کھولنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے بینک اور بلوچستان کی بزنس کمیونٹی دونوں کو فائدہ ہوگااس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میزان بینک کے حکام کی ہر ممکن مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے بلوچستان میں فنانسنگ نہ ہونے کے برابر ہے اس وقت ہمسائیہ ممالک کے ساتھ مختلف ایشوز کی وجہ سے لینڈ روٹ پر اقتصادی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ میزان بینک آسان بزنس لون اور فنانسنگ دے تاکہ کاروبار کے دوسرے مواقع تلاش کئے جا سکیں انہوں نے کمرشل بینکوں کی جانب سے ایل سی کے معاملے پر مختلف حیلے بہانوں کی بھی نشاندہی کی اور مطالبہ کیا کہ میزان بینک اس سلسلے سہولت فراہم کریں۔اس موقع پر میزان بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ سید سلمان احمد نے چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے صدر و دیگر کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کو سراہا اور یقین دلایا کہ اس سلسلے میں وہ بینک کے کمرشل اور فنانس کی ٹیم لیکر آئیں گے تاکہ بزنس کمیونٹی انہیں اپنے مطالبات اور تجاویز پیش کر سکیں انہوں نے کہا کہ میزان بینک صرف رقوم جمع نہیں کرتی بلکہ وہ سرمایہ کاری بھی کرتی ہے میزان بینک بلوچستان میں بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں جلد بنک کے کمرشل اور فنانس کی ٹیم کی بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ سیشن کے انعقاد کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

