تربت(این این آئی)یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیراہتمام طلبہ کے لیے سیلف اویئرنس (Self-Awareness) کے موضوع پر ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کے مہمان مقررمعروف بزنس کنسلٹنٹ اور انسپائریشن لیب کے بانی زعمران بلوچ نے طلبہ کواپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، ذاتی و پیشہ ورانہ کردارو کارکردگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور مستقبل کے واضح وڑن کی تشکیل میں راہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلف اویئرنس ذاتی نشوونما اور کامیابی کی بنیاد ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے طلبہ کو اپنی مہارتوں کو نکھارنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نئی تکنیک سیکھنے کی ترغیب دی۔ اس سیشن میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں اور مباحثوں کے دوران اپنے تعمیری تاثرات اورخیالات کا اظہارکیا۔سیشن کے اختتام پر شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر غلام جان نے زعمران بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے بامقصد اور متاثرکن تربیتی سیشن کو سراہا۔مختلف سرگرمیوں میں طلبہ کی شمولیت کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اس مفید اور معلوماتی سیشن سے حاصل کردہ تربیت کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بروئے کار لانا چاہیے۔ طلبہ کے لیے اس تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے پر انہوں نے فیکلٹی ممبر محمد عالم اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداکیا۔

