وزیراعلی کے پی کے کے ریاستی اداروں کیخلاف بیانات ریاستی نظم و ضبط پر سوال اٹھاتے ہیں‘ اختر اقبال ڈار

لاہور(این این آئی)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ کے وزیراعلی سہیل آفریدی کے وفاقی اور ریاستی اداروں کے خلاف بیانات ریاستی نظم و ضبط پر سوال اٹھاتے ہیں اور عوام میں تقسیم اوربداعتمادی بھی پیدا کرتے ہیں،آئین پاکستان کسی بھی سیاسی رہنما کو ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے کی اجازت نہیں دیتا۔ اپنے بیان میں اختر اقبال ڈار نے کہاکہ سہیل آفریدی کے بیانات سے بھارت،اسرائیل اور وطن دشمن قوتوں کی سوچ و فکر کی بدبو آتی ہے۔13سال سے خیبر پختوانخواہ میں براجمان پی ٹی آئی والوں کو چاہیے تھاکہ نتائج دکھاتے لیکن یہ اپنی کارکردگی اور زیرو کارکردگی کوچھپانے کے لئے اشتعال انگیز گفتگو،تنقید برائے تنقید اور گالم گلوچ کرتے۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست ہماری ذات سب عارضی ہیں مگر پاکستان نے ہمیشہ قائم و دائم رہنا ہے،یہ لوگ اپنی گفتگو اور اپنے منفی اقدامات پر نظر ثانی کرتے ہوئے صحیح سمت میں مثبت پیشرفت کریں نہ کہ سیاہ تاریخ رقم کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اپنے خون سے کرنے والوں کے خلاف ہرزہ سرائی کو قطعاًنظر انداز نہیں کیا جاسکتا ایسے لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں