ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے آر ایچ سی نیو میر واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں موجود عملے کی حاضری چیک کی اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی فراہمی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور علاج معالجے کے معیار میں مزید بہتری لائیں۔ ڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے کہا کہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں غفلت یا غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ہسپتال کے ریکارڈ کو درست رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

