کراچی (این این آئی)شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمر شہزاد اور عائزہ اعوان کے نئے ڈرامہ سیریل مداوا کا دوسرا ٹیزر جاری کردیا گیا۔اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل مداوا میں عمر شہزاد اور عائزہ اعوان مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ عمارہ ملک بھی اہم کردار میں موجود ہیں۔مداوا کی ہدایت کاری کے فرائض سلمان سرہندی نے انجام دیے ہیں جبکہ طاہر نذیر نے اس کی کہانی لکھی ہے۔ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ عمر شہزاد محبت پر یقین نہیں رکھتے اور انہیں اپنی ذات سے بڑھ کر کسی چیز کی پرواہ نہیں ہوتی جبکہ عائزہ اعوان انہیں محبت پر یقین دلاتی ہیں لیکن تقدیر کے ارادے اور تھے۔عمر شہزاد، عائزہ اعوان میاں اور بیوی کے کردار میں موجود ہیں اور بظاہر عمارہ ملک کا کردار منفی ہوگا۔ٹیزر میں اداکار کو نور (عائزہ اعوان)کو بات بات پر ڈانٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ آخر میں وہ کہتی ہیں کہ ہر لمحے مجھ پر طنز کے نشتر چلا کر میرے دل کو چھلنی کردیتا ہے، کیا ساری زندگی اب یہی میرا نصیب ہوگا؟واضح رہے کہ عمر شہزاد نے اس سے قبل بھرم میں سالار کا مرکزی کردار نبھایا تھا جس میں ان کے ساتھ لیڈ رول میں حنا طارق موجود تھیں۔عائزہ اعوان تیرے بنا میں نہیں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جس میں شہزاد شیخ اور سونیا حسین بھی شامل تھے۔

