ضلع لسبیلہ میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام اوربلوچستان لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے جوائنٹ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس

اوتھل(این این آئی) ضلع لسبیلہ میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (NRSP)، GLLSP PIU/PMU IFAD، اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے جوائنٹ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی (JDDC) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سراج احمد بلوچ نے کی، جنہوں نے مقامی حکومتوں اور کمیونٹی اداروں کے مابین ہم آہنگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، گل محمد مینگل تھے، جنہوں نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 اور اس میں کی جانے والی حالیہ ترامیم پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ترامیم کے تحت مقامی سطح پر کمیونٹی اداروں کو ترقیاتی منصوبوں کی عملدرآمد میں قانونی حیثیت دی گئی ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔اجلاس میں کمیونٹی لیڈ لوکل گورننس (CLLG) پالیسی، یوتھ پالیسی اور جینڈر پالیسی کے مؤثر نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر یونین کونسلز میں تیار کیے گئے یونین کونسل ڈیولپمنٹ پلانز (UCDPs) کو ضلعی سطح پر سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں مختلف شعبوں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں GLLSP کے پروگرام اسپیشلسٹ آصف لہڑی، ضلع کوآرڈینیٹر غلام محمد، NRSP ضلع لسبیلہ کے ڈسٹرکٹ منیجر جہانگیر بلوچ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے نمائندہ عقیل قمر، چیف آفیسر لوکل گورنمنٹ لسبیلہ ایاز گورگج، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف علی خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر اطہر قریشی، یونین کونسل وایارہ کے چیئرمین شیر محمد، یونین کونسل کنر کے چیئرمین، اور معروف سماجی کارکن ماسٹر عنایت اللہ شاہوک شامل تھے۔اس کے علاوہ ضلع بھر سے مختلف لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز (LSOs) کے صدرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جنہوں نے اپنی کمیونٹیز کی نمائندگی کرتے ہوئے مقامی سطح کی ترجیحات، ضروریات اور منصوبوں پر رائے دی۔شرکائنے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ JDDC جیسے پلیٹ فارمز کو ضلعی سطح پر باقاعدگی سے فعال رکھا جائے، تاکہ پالیسی سازی میں نچلی سطح کی آواز شامل ہو، اور ترقیاتی عمل کو شفاف، شراکتی اور پائیدار بنایا جائے۔ شرکاء نے اس اجلاس کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جس میں مقامی حکومت، کمیونٹی ادارے، اور سول سوسائٹی ایک ہی میز پر بیٹھ کر ضلعی ترقیاتی ترجیحات پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں