لاہور(این این آئی)المکی المدنی ڈائیلاسز سینٹر کے زیرِ اہتمام ذیابیطس (شوگر)کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تربیتی سیمینار اور عوامی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد عوام الناس میں اس موذی مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی،پرنسپل العلیم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ارشد محمود،ڈاکٹر طاہر رسول،شیخ پرویز،سلمان چوہدری،ریاض الحسن شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت اور واک کی سرپرستی ڈاکٹر محمد جمیل، چیئرمین المکی المدنی ڈائیلاسز سینٹر نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اشرف جنجوعہ نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ ذیابیطس جیسے خطرناک مرض سے بچنے کیلئے ہمیں اپنی طرز زندگی کو بدلنا ہو گا۔

