سبی(رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں خسرہ مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں آخری جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون، ڈویژنل آفیسر WHO ڈاکٹر جہانگیر و دیگر افسران شریک ہوئے۔یہ خسرہ مہم کے حوالے سے آخری جائزہ اجلاس تھا جس میں تمام انتظامات اور تیاریوں پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خسرہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی اور اس دوران بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ مہم کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے 23 فکس سائٹس، 2 موبائل ٹیمیں اور 44 آؤٹ ریچ ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ کے ٹیکے جبکہ پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ خسرہ کے ٹیکوں کا ٹارگٹ 34 ہزار اور پولیو کا ہدف 44 ہزار بچوں پر مشتمل ہے۔ اسی سلسلے میں آج گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول میں آگاہی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عبدالستار لانگو، ڈویژنل آفیسر WHO ڈاکٹر جہانگیر، سی سی او یونیسیف شبانہ، ڈی ایس او WHO ڈاکٹر نصیر کرد، ایم اینڈ ای ای پی آئی شعیب خجک سمیت اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کے دوران خسرہ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی جبکہ متعلقہ افسران کی قیادت میں آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔ مزید برآں، آج جمعہ کے خطبات میں بھی علمائے کرام نے خسرہ مہم کی اہمیت اور بچوں کی لازمی ویکسینیشن کے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے والدین اور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر خسرہ کے ٹیکے لگوائیں اور پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

