پاکستان میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر

لاہور(این این آئی)پاکستان بھر میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں جن میں سے 2 کروڑ بچوں نے کبھی سکول کا راستہ تک نہیں دیکھا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کی آؤٹ آف سکولز بچوں کے اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق سکول نہ جانے والوں میں ایک ہزار84 ٹرانس چینڈر بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 96 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جن میں 47 لاکھ لڑکے اور 48 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔سندھ کی صورتحال بھی تشویشناک ہے جہاں 78 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جن میں 37 لاکھ لڑکے اور 40 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں، خیبرپختونخوا ہ میں 49 لاکھ بچے سکولوں میں داخل نہیں ہو سکے،ان میں 20 لاکھ لڑکے اور 29 لاکھ لڑکیاں سکول سے باہر ہیں۔بلوچستان میں بھی 29 لاکھ بچے آؤٹ آف سکول ہیں جن میں 14 لاکھ لڑکے اور 15 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت میں 6 سے 16 سال تک کے 89 ہزار بچے سکولز سے باہر ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان میں 47 ہزار 849 لڑکے اور 41 ہزار 275 لڑکیاں شامل ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آؤٹ آف سکولز بچوں کی تعداد میں ہر سال 20 ہزار کا اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان بچوں کو تعلیم کے حق سے آراستہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں