ڈیرہ بگٹی، تحصیل سوئی میں روبیلہ و خسرہ سے بچاؤ کی مہم کے حوالے سے آگاہی سیشن اور واک

ڈیرہ بگٹی(این این آئی) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق کی ہدایات پر تحصیل سوئی میں روبیلہ اور خسرہ سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آفس سوئی میں آگاہی پروگرام اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سوئی محمد صادق خان نے کی، جس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سوئی نے مہم کے اہداف، ویکسینیشن ٹیموں کی ذمہ داریوں اور دور دراز علاقوں کے بچوں تک بروقت ویکسینیشن کی فراہمی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ روبیلہ اور خسرہ سے بچاؤ کی قومی مہم 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی جس میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔میٹنگ کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سوئی نے اساتذہ، ہیلتھ ورکرز اور طلبہ کے ہمراہ آگاہی واک کی قیادت کی، جو اسسٹنٹ کمشنر آفس سے شروع ہوکر مرکزی مقام تک جاری رہی۔ واک کے شرکاء نے پلے کارڈز کے ذریعے حفاظتی پیغامات عوام تک پہنچائے۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر سوئی محمد صادق خان نے خطاب کرتے ہوئے مہم کی اہمیت اور والدین کے تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچہ ویکسین کا حق رکھتا ہے اور اس سلسلے میں تمام اداروں کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں