وزیراعظم کی متحرک قیادت میں معاشی اشاریوں میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہاہے، سیدال خان ناصر

اسلام آباد +کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف اہم وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جن میں اراکین سینیٹ، میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز، پمز بورڈ کے ممبران، سینیئر پارلیمنٹرینز، سابق سینیٹرز، قبائلی عمائدین، طلبہ، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال، پارلیمانی کردار اور قومی ترقی کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ میں مؤثر اور جامع قانون سازی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی فلاح، ادارہ جاتی اصلاحات، قومی وسائل کے شفاف استعمال اور پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔سیدال خان نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی انتظامی صلاحیتوں اور ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے ان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی متحرک قیادت میں معاشی اشاریوں میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ توانائی، گورننس اور کفایت شعاری کے شعبوں میں حکومتی اصلاحات عوامی ریلیف کی شکل میں ظاہر ہو رہی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو سیاسی استحکام اور پارلیمانی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور ریاستی ڈھانچے میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔انہوں نے پاکستان کی قدرتی دولت، زرعی صلاحیت، چاروں موسموں کی نعمت اور نوجوان آبادی کو ملک کی ترقی کا بہترین اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ گوادر، کوئٹہ، تربت، خضدار اور دیگر علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، صحت و تعلیم کے شعبوں کی اپ گریڈیشن اور روزگار کے نئے مواقع صوبے میں خوشحالی کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور ملکی یکجہتی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی گفتگو کو رہنما اور اہم قرار دیتے ہوئے ملک کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں