کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سید جہانگیرشاہ نے قومی اسمبلی اورسینٹ سے پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ اور پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری پر وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو2030ء تک چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرکے ایک اچھا اقدام اٹھایا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک فوج نے جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا جس سے پوری دنیا میں پاکستان کے عزت اور وقار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اورانشاء اللہ جلد ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے پاک بھارت جنگ میں کامیابی کے بعدآرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکوفیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جس کی بعض سیاسی جماعتوں نے مخالف کی لیکن حکومت نے اسکے باوجود آرمی چیف کو اعزاز سے نواز کر یہ ثابت کردیا کہ زندہ قومیں اپنے قومی ہیروز کوعزت و احترام دینا جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)،پاکستان پیپلزپارٹی اور وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ اور پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی جس پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف،بلاول بھٹو زرداری،چوہدری شجاعت حسین اوردیگرجماعتوں کے قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سیدجہانگیرشاہ نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو2030ء تک چیف آف ڈیفنس تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی اورامید ظاہر کی انکی قیادت میں ملک مزید ترقی کریگا۔

