لاہور(این این آئی)پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک نے لاہور کے مختلف سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے درجنوں کنٹریکٹ اساتذہ کو نوکری سے فارغ کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک نے لاہور کے10سکولوں میں پڑھانے والے درجنوں اساتذہ کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ ان مذکورہ اداروں میں گورنمنٹ پرائمری اسکول اٹاری سروبہ، دلو خورد، نشتر ٹاؤن، یوحنا آباد، اچھرہ مارکیٹ، گلبرگ، فردوس مارکیٹ، نواز شریف کالونی اور بی ون ٹاؤن شپ شامل ہیں۔چیئرمین آل ٹیچرز ایسوسی ایشن میونسپل کیڈر محمد اسحاق کمیانہ نے کنٹریکٹ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مڈ سیشن میں اساتذہ کو فارغ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ اس کا اثر بچوں کی تعلیم اور سالانہ امتحانات کی تیاری پر منفی پڑے گا۔خواتین اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، جبکہ بغیر اطلاع کنٹریکٹ ختم کرنے سے ان کے مالی معاملات بری طرح متاثر ہوں گے۔سی ای او پین ڈاکٹر نجیب اللہ کا کہنا ہے کہ معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

