وفاقی وزیرنوابزادہ میر خالد حسین خان مگسی کی ہدایت پرجھل مگسی میں تین روزہ مفت سرجیکل آئی کیمپ

گنداواہ(این این آئی) سینئر صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر طارق خان مگسی اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابزادہ میر خالد حسین خان مگسی کی خصوصی ہدایات پر او جی ڈی سی ایل اور الشفاء ٹرسٹ ویلفیئر کے باہمی تعاون سے آر ایچ سی ہسپتال جھل مگسی میں مفت تین روزہ سرجیکل آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کی تمام تر کارروائی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر علی خان مگسی کی براہِ راست نگرانی میں جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کے غریب، مستحق اور دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں نوابزادہ میر ظفر علی خان مگسی، آر سی او جی ڈی سی ایل اکرم اللہ کاسی، گیس فیلڈ منیجر احمد خان اچکزئی، تحصیلدار جھل مگسی ارباب خان مگسی، ڈی ایچ او علی خان مگسی سمیت مختلف محکمہ جاتی آفیسران، معززینِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس خصوصی کیمپ میں 17، 18 اور 19 نومبر کو روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے مریضوں کو مفت آنکھوں کا چیک اپ، ادویات، آپریشن، لینز اور نظر کے چشمے فراہم کیے جارہے ہیں۔ خصوصی طور پر کیٹرکٹ (موتیا) کے آپریشن جدید مشینری اور تجربہ کار سرجنز کی زیر نگرانی کیے جارہے ہیں، جبکہ ماہر ٹیکنیشنز کی ٹیم مریضوں کے ٹیسٹ، اسکریننگ اور بعد از آپریشن چیک اپ کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیعلاقے کے عوام نے ایسے کیمپ کے انعقاد کو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز اضلاع میں آنکھوں کے بڑے آپریشن کروانا انتہائی مشکل ہوتا ہے، جبکہ شہر سے باہر جانے پر مریضوں کو اخراجات، سفر اور تھکاوٹ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس فری آئی کیمپ نے نہ صرف ان مسائل سے نجات دلائی ہے بلکہ غریب طبقے کو وہ سہولیات بھی فراہم کی ہیں جو عام حالات میں ان کی دسترس سے باہر تھیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کیمپ وقتاً فوقتاً ضلع جھل مگسی کے ہر بڑے شہر میں منعقد کیے جائیں تاکہ پورے ضلع کے عوام جدید طبی سہولیات سے مستفید ہوتے رہیں اور آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں بہتری آئے۔ انہوں نے او جی ڈی سی ایل، الشفاء ٹرسٹ اور محکمہ صحت بلوچستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں