بلوچستان کی تاجر برادری کیلئے حکومت فوری معاشی پیکیج کا اعلان کرے،خواجہ محبوب الرحمن

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کی موجودہ کاروباری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمن، چیف آرگنائزر احمد جواد اور چیئرمین بلوچستان دارو خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے تاجروں اور کاروباری طبقے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے سبب تجارتی سرگرمیاں انتہائی پریشانی کی حالت میں جاری ہیں۔چیئرمین بلوچستان دارو خان اچکزئی نے بتایا کہ بلوچستان کی مجموعی کاروباری فضا مسلسل دباؤ کا شکار ہے اور کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد شدید معاشی عدم استحکام کا سامنا کر رہے ہیں۔ افغان بارڈر کی بندش نے صوبے کی معاشی شہ رگ کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں تاجر بے روزگار ہیں اور تجارتی عمل تقریباً معطل ہو چکا ہے۔پاکستان بزنس فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے دیگر حصوں کی معیشت کے لیے بھی اہم ہے، اور اس کی بندش نے صوبے کے کاروباری طبقے پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری اقدامات کے ذریعے بارڈر کی بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے۔رہنماؤں نے زور دیا کہ بلوچستان کے لیے فوری جامع معاشی ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ تاجروں اور کاروباری طبقے کو سہارا مل سکے اور وہ اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں۔ موجودہ حالات میں حکومتی عدم توجہ کاروباردوست ماحول کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ مزید کہا گیا کہ کمرشل بینکوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ تاجروں کے لیے قرضوں کی ادائیگی میں آسانیاں، ری شیڈولنگ، مارک اپ میں کمی اور نئے قرضوں کی فراہمی کے لیے خصوصی مراعات دیں تاکہ کاروبار کا پہیہ چلتا رہے۔ تاجروں کے لیے بینکنگ سہولیات میں آسانیاں انتہائی ضروری ہیں۔پاکستان بزنس فورم کے رہنماؤں نے انٹرنیٹ کی غیر متوقع بندش اور ٹرانسپورٹرز کو مخصوص اوقات میں سفر کی اجازت جیسے مسائل کی بھی نشاندہی کی، جس سے ہزاروں لوگوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے اور مسافروں و ٹرانسپورٹرز کو روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ہڑتالوں سے تاجروں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان مسائل پر فوری غور کرنا چاہیے، کیونکہ سرحدی عوام کا بنیادی ذریعہ معاش بارڈر ہے۔ بارڈر کی اچانک بندش سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوتا ہے بلکہ عام لوگ اور ان کے خاندان بھی شدید مشکلات میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے بھی تاجروں کا روزگار شدید متاثر ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں