اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ نہ رک سکا

اسلام آباد (این این آئی)اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ برقرار رہا، شام کیخلاف بھی گرین شرٹس کو مایوس کن کارکردگی کی بدولت صفر کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ منگل کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی شام نے جارحانہ کھیل پیش کیا،پاکستان دفاعی لائن کو مضبوط رکھنے میں مسلسل ناکام رہا۔شام کے محمد الحالاق نے کھیل کے 33ویں اور 48ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔شام کا تیسرا گول 80ویں منٹ میں یٰسین آلساویا نے کیا۔چوتھا گول 90ویں منٹ میں آلا الدّی دالی نے اسکور کیاجبکہ پانچواں اور آخری گول 94ویں منٹ میں یٰسین آلساویا نے کیا۔ دوسرے ہاف میں پاکستان کا دفاع بری طرح بکھر گیا، جہاں پاکستان نے چار گول کھائے۔پاکستان کو اس سے قبل شام کے خلاف اوے میچ میں بھی 0-2 سے شکست ہوئی تھی۔اے ایف سی کوالیفائرز میں پاکستان ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت سکا اور اب بھی پوائنٹس ٹیبل پر نیچے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں