بلوچستان کا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل،آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،بلال خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے DigiBizz بلوچستان کے پروگرام ڈائریکٹر جواد احمد نے ملاقات کی۔ اس موقع پرجواد احمد نے DigiBizz کے اہم کردار پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ملاقات کے دوران وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ صوبے کے نوجوان عالمی معیار کی مہارتوں سے لیس ہو کر ملکی اور غیر ملکی مارکیٹوں میں اپنا مقام بنا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بلوچستان میں ایسی سرمایہ کاری لانے کے لیے پرعزم ہیں جو نہ صرف آئی ٹی سیکٹر کو مضبوط کرے بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار، تربیت اور کاروبار کے نئے دروازے بھی کھولے۔ DigiBizz جیسے پلیٹ فارم اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے ذریعے اس سفر کو مزید تیز کریں گے۔ملاقات میں آئی ٹی کے شعبے میں مستقبل میں ممکنہ تعاون، مشترکہ اقدامات اور نوجوانوں کے لیے مزید ڈیجیٹل مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں