صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا کہ جو فٹ بال شائقین اگلے سال امریکہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹ خریدیں گے انہیں دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں میں ویزا انٹرویوز میں ترجیحی سہولت حاصل ہوگی۔
اوول آفس میں فیفا کے صدر جیانی انفانتینو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ’فیفا پاس‘ نامی نیا ایک نظام متعارف کرا رہی ہے جس کے تحت ورلڈ کپ ٹکٹ رکھنے والے شائقین ترجیحی ویزا انٹرویو کے لیے سائن اپ کر سکیں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ محکمہ خارجہ اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی انتھک محنت کر رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے فٹ بال شائقین کو مناسب جانچ پڑتال کے بعد آسانی سے امریکہ آنے کی سہولت مل سکے۔
ٹرمپ نے کہا: ’میں نے اپنی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2026 ورلڈ کپ کو بے مثال کامیابی بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرے۔ میرا خیال ہے یہ سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔ اور ہم ٹکٹ کی فروخت میں ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔‘
فیفا صدر انفانتینو جو ورلڈ کپ کے قریب آتے ہی وائٹ ہاؤس میں اکثر نظر آتے ہیں اور صدر کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر چکے ہیں، نے میڈیا کو بتایا کہ فیفا کو توقع ہے کہ دنیا بھر سے 50 لاکھ سے ایک کروڑ شائقین امریکہ آئیں گے تاکہ ورلڈ کپ کا لطف اٹھا سکیں۔
انفانتینو نے کہا: ’اس فیفا پاس کے ذریعے ہم یقینی بنا سکتے ہیں کہ جو لوگ ٹکٹ خریدتے ہیں اور واقعی فٹ بال کے شائقین ہیں، وہ ویزا حاصل کرنے سے لے کر امریکہ آنے اور میچز دیکھنے تک کسی مسٗلے کے بغیر ورلڈ کپ میں شامل ہو سکیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال ورلڈ کپ کو دنیا بھر میں چھ ارب افراد کی اپنی سکرینوں پر دیکھنے کی توقع ہے اور اندازہ ہے کہ ایک ارب افراد پانچ دسمبر کو واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ہونے والے ورلڈ کپ ڈرا کو دیکھیں گے۔
فیفا کے صدر کے مختصر بیان کے بعد وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے محکمے نے دنیا بھر میں سفارت خانوں میں 400 سے زائد اضافی قونصلر افسر تعینات کیے ہیں تاکہ ورلڈ کپ سے متعلق ویزا درخواستوں کو سنبھالا جا سکے، جس سے بعض ممالک میں افسران کی تعداد عملی طور پر دوگنا ہو گئی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روبِو نے کہا: ’اچھی خبر یہ ہے کہ اب دنیا کے تقریباً 80 فیصد علاقوں میں آپ 60 دن کے اندر اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ پہلے اس میں نصف سال یا اس سے بھی زیادہ وقت لگتا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہمارا مشورہ یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس کسی بھی میچ کا ٹکٹ ہے، تو فوراً درخواست دیں۔ جیسے ہی ممکن ہو درخواست دیں، آخری لمحے کا انتظار نہ کریں۔ آپ کا ٹکٹ ویزا نہیں ہے۔ یہ امریکہ میں داخلے کی ضمانت نہیں دیتا، بلکہ یہ آپ کو ترجیحی اپائنٹمنٹ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔‘
روبِو نے بتایا کہ ’فیفا پاس‘ استعمال کرنے والے ورلڈ کپ ٹکٹ ہولڈرز اسی جانچ پڑتال سے گزریں گے جس سے دوسرے مسافر گزرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’فرق صرف یہ ہے کہ ہم انہیں قطار میں آگے بڑھا رہے ہیں، تیزی سے آگے کر رہے ہیں۔ میرا دنیا بھر کے سب دیکھنے والوں سے مشورہ ہے کہ اگر آپ میچز میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو ٹکٹ لازمی ہونا چاہیے۔ فوراً درخواست دیں۔ جتنی جلدی ممکن ہو درخواست دیں۔‘

