کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبہ کے مختلف اضلاع میں کریک ڈاؤن کے دوران غیر معیاری، مضر صحت اور ایکسپائرڈ اشیاء خوردونوش کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 36 فوڈ بزنس مراکز اور یونٹس پرجرمانے عائد کردئیے گئے۔ کارروائیاں کوئٹہ، خاران، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، تربت اور سوراب سمیت مختلف شہروں میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کی گئیں۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق نواں کلی کوئٹہ میں 4 مراکز کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا گیا جبکہ ایک جنرل اسٹور سے زائد المعیاد کولڈ ڈرنکس، جوس، بسکٹ، مصالحے اور ممنوعہ پان پراگ، گٹکا و ماوا ضبط کیے گئے۔ کاسی روڈ اور پشتون آباد میں 3 مصالحہ شاپس اور ایک جنرل اسٹور کو ایکسپائرڈ مصالحوں، ناقص رنگ اور پابندی شدہ چائنیز نمک رکھنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ تربت میں چیکنگ کے دوران زائد المعیاد کولڈ ڈرنکس، کیک و بسکٹ برآمد ہوئے جبکہ پکوڑا شاپ میں خراب آئل اور ممنوعہ رنگ استعمال کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ ارباب کرم خان روڈ پر دودھ کے 14 نمونوں کی ٹیسٹنگ میں تین دکانوں کا دودھ ملاوٹ شدہ ثابت ہوا جس پر ایکشن لیا گیا۔ اسپنی روڈ پر صفائی کی خرابی اور کم وزن پیڑے تیار کرنے پر نان شاپ کے خلاف کارروائی جبکہ فاسٹ فوڈ کارنرز اور جنرل اسٹورز سے مضر صحت اشیاء پکڑ کر جرمانے کیے گئے۔ لورالائی میں بیکری میں زائد المعیاد مصنوعات اور صفائی کی خرابی پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سوراب میں 6 مراکز سے ایکسپائرڈ کیک، بسکٹ، کولڈ ڈرنکس اور ناقص کلرز برآمد کر کے کارروائی کی گئی۔ خاران میں 6 مراکز کے خلاف کم وزن پیڑے، ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء رکھنے پر جرمانے کیے گئے۔ قلعہ سیف اللہ میں دو بیکنگ یونٹس میں انتہائی خراب صفائی، غیر محفوظ اسٹوریج اور زنگ آلود مشینری پائے جانے پر ایکشن لیا گیا جبکہ ایک جنرل اسٹور پر ایکسپائرڈ مصالحے رکھنے اور بغیر لائسنس کاروبار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بی ایف اے محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے گی، کیونکہ عوام کی صحت پر سمجھوتہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

