کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں ژوب شہر میں ایک جدید ترین ہسپتال کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ کی نشاندہی کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے جو ژوب کے عوام کیلئے صحت کی دیکھ بھال میں بہترین کارکردگی کا رول ماڈل ثابت ہوگا۔ یہ جدید ہسپتال نہ صرف عوام کو علاج معالجے کی طبی سہولیات فراہم کریگا بلکہ یہ نرسوں اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کیلئے ایک اعلیٰ تربیتی مرکز کے طور پر بھی کام کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ژوب کے ایک روزہ دورے کے موقع پر جدید ہسپتال کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ کے انتخاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر متحدہ عرب امارات دوبئی الزہرہ ہسپتال کی ڈاکٹر سمینہ نعمان اور دیگر مہمانان بھی گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے ہمراہ تھے. گورنر بلوچستان آج بروز ہفتہ ہیلی-کاپٹر کے ذریعے ژوب پہنچے تو وہاں پر کمیشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ، ڈپٹی کمیشنر عارف زرکون، ڈی آئی محمد کاشف اور ڈی پی او شوکت میمن نے پرتپاک استقبال کیا. بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان اور ہمراہ مہمانوں نے خواتین کیلئے ہسپتال تعمیر کرنے کی جگہ کا معائنہ کیا. تقریب کے شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم ڑوب کے عوام کو ہر قسم کی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ان پیشہ ور افراد کو جدید ٹریننگ اور علم کے ساتھ بااختیار بنا کر ہمارا مقصد ڑوب ڈسٹرکٹ سے باہر بھی میں خدمات سرانجام دینی ہیں۔ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد نرسز اور لیڈی ہیلتھ وزٹرز ڑوب سے ملحقہ علاقوں کا رخ کریں گے، ضروری صحت کی خدمات فراہم کریں گے اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو ممکن بنائیں گے۔ اس یقین کے ساتھ کہ یہ جدید ہسپتال نہ صرف صحت کے نتائج کو بہتر بنائیگا بلکہ پورے ڑوب ڈویڑن کی سماجی واقتصادی ترقی میں بھی حصہ ڈالے گا۔

