کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مایوس کن کارکردگی کے باعث عوام ان سے مایوس ہوچکے ہیں اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہے اور انتخابات میں حصہ لینے والے زیادہ تر امیدوار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ گزشتہ چاردہائیوں سے ملک بھر اورخاص کر صوبے کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے عوام کو سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کئے لیکن سیاسی اورمذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں انہوں نے اپنے ذاتی مفادات اور بینک بیلنس میں اضافہ کیا اورعوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم پتھرکے زمانے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک دوسرے پرکیچڑ اچھالتی ہیں اپنے مفادات کی بات آتی ہے تو سیاسی جماعتوں کے قائدین ایک میز پربیٹھ جاتے ہیں جو عوام اورسیاسی و مذہبی کارکنوں کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اورمذہبی جماعتوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں امیدوار سیاسی اورمذہبی پارٹیوں کا ٹکٹ لینے سے کترا رہے ہیں اورزیادہ تر امیدوار آزاد حیثیت میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں جو صوبے کی سیاسی اورمذہبی جماعتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو آنے والے دنوں میں عوام اورکارکن کا ہاتھ اور زیادتی جماعتوں کے قائدین کا گریبان ہوگا اورانہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے اورآئندہ بھی بلوچستان امن جرگہ عوام کے اپنی آواز بلند کرتا رہے گای۔

