تربت یونیورسٹی کے طلباء کامکران میڈیکل کالج کا دورہ

تربت (این این آئی)یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ کیمسٹری کے بی ایس کے طلباء نے شعبہ کیمسٹری کے چیئرمین ظفر علی کی سربراہی میں مکران میڈیکل کالج کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد میڈیسن اورمیڈیکولیگل انوسٹیگیشن میں فرانزک کیمسٹری کے عملی اطلاق کا جائزہ لینا تھا۔مکران میڈیکل کالج پہنچنے پر کالج انتظامیہ نے طلباء کا پرتپاک استقبال کیا۔ فرانزک میڈیسن اور ٹاکسیکولوجی لیب کے انچارج ڈاکٹر واصف نے طلباء کو پوسٹ مارٹم کا طریقہ کار، زخموں کے پیٹرن، گولی کے زخم کا تجزیہ کا طریقہ کار اور زہر پینے کے کیسز اور اس کے اثرات سمیت پوسٹ مارٹم کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے سڑک حادثات کی تحقیقات، ہڈیوں کے فریکچر، فنگر پرنٹنگ اور ڈی این اے پروفائلنگ میں کیمسٹری کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ طلباء کو بتایا گیا کہ شواہد کو قلمبند کرنے سے لے کر قانونی کارروائی کے نتائج تک میڈیکلو لیگل رپورٹس کیسے تیار کی جاتی ہیں۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اس دورے میں سہولت اور تعاون فراہم کرنے پر تربت یونیورسٹی کے اعلی حکام نے مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد افضل خالق، ڈاکٹر واصف اور ڈاکٹر عطاء اللہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں طلباء کی عملی سمجھ بوجھ کو بڑھانے اور سائنسی نظریات اور حقیقی دنیا میں ان کے اطلاق کے درمیان تعلق کوبہتر طور پر سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں