موجودہ حالات میں جامع سرمایہ کاری،کاروباری تحفظ پالیسی کا متعارف کرایا جانا نا گزیر ہے‘ مدثر مسعود چوہدری

لاہور (این این آئی) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) کے سینئر وائس چیئرمین و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جامع سرمایہ کاری اور کاروباری تحفظ پالیسی کا متعارف کرایا جانا نا گزیر ہے،بین الاقوامی کمپنیوں کا پاکستان سے انخلا ء روکا جائے کیونکہ اس کے مقامی سرمایہ کاری پربھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے،ایسے مواقع پیدا کئے جائیں جس سے پاکستان کا نجی شعبہ ان غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے قابل ہو سکے۔بھاری ٹیکسز اور یوٹیلٹی بلز کا بوجھ کم کرنا ہوگا، خطے کے دیگر ممالک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے برعکس پاکستان میں کمی ہونا تشویش کا باعث ہے۔ مدثر مسعودچوہدری نے کہا کہ امتیازی ٹیکس پالیسیاں، بلند کارپوریٹ ٹیکس، منافع کی عدم واپسی، پیچیدہ ریگولیٹری نظام اور غیر یقینی پالیسیاں غیر کمپنیوں کے انخلا ء کی بڑی وجوہات ہیں جس کے لئے فی الفور حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے، کسی بھی ملک سے غیر ملکی کمپنیوں کا جانا عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا تا ہے اور اس سے مقامی سرمایہ کار بھی محتاط رویہ اپناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سادہ مگر کم تعداد اور کم شرح سے ٹیکس نظام لائے، ریگولیٹری نظام کو سہل اور غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے قانونی معاملات کو فی الفور حل کیا جائے تاکہ یہ کمپنیاں اعتماد کے ساتھ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں