ڈیرہ مراد جمالی(این این آئی)ڈیرہ مراد جمالی میں سیکورٹی فورسز نے جعفرایکسپریس کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پٹڑی پرنصب 3کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق منگل کو ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے دوست ہوٹل کے قریب نامعلوم افرادنے ریلوے ٹریک پر بم نصب کررکھا تھا سیکورٹی فورسز اور پولیس نے بروقت اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر3کلو وزنی بم کو ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے بم پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کررکھا تھا ٹرین کچھ دیر بعد کوئٹہ کیلئے گزرنی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ریلوے ٹریک کی مکمل چیکنگ کے بعد پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس کو سخت سیکورٹی میں کوئٹہ کیلئے روانہ کردیاگیا۔ پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔

