بلوچستان اسمبلی،قائمہ کمیٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ 2025 منظور کرلیا

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بورڈ آف ریونیو کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ارکان سردارزادہ فیصل خان جمالی، میر شعیب نوشیروانی، برکت علی رند، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن، سینئر سیکرٹری بورڈ آف ریونیو نصراللہ ترین اور ایڈیشنل سیکرٹری لاء سعید اقبال نے شرکت کی۔اجلاس میں آغا خان پراپرٹیز (سکسیشن اینڈ ٹرانسفر) ایکٹ 2025 کے بل نمبر 36 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین اور ارکان نے بل کے مختلف قانونی، مالی اور انتظامی پہلوؤں پر اہم سوالات اٹھائے۔اجلاس کے دوسرے حصے میں بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ 2025 (مسودہ قانون نمبر 38) کا جائزہ لیا گیا، جسے کمیٹی نے مشاورت کے بعد منظور کرلیا۔چیئرمین اور ارکان نے تجویز پیش کی کہ جہاں بھی آغا خان اداروں کے تعلیمی و طبی منصوبے موجود ہیں وہاں عوامی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ کمیٹی نے ضروری وضاحتوں کے بعد بل نمبر 36 اور بل نمبر 38 دونوں کی منظوری دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں