کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئررہنما چوہدری نعیم کریم نے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے حکومت پر اعتماد نے ثابت کیا کہ میاں نواز شریف،وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست منصوبوں اور اقدامات سے عوامی مسائل حل ہو رہے ہیں اور پوری قوم ملک کی تعمیر وترقی میں موجودہ حکومت کے ساتھ ہے اور عوام اب انتشار اورفساد پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے سردار محمود قادر خان لغاری، پی پی 203 ساہیوال سے چودھری حنیف جٹ، پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور نیازی، پی پی 116 فیصل آباد سے احمد شہریار، پی پی 115 فیصل آباد سے محمد طاہر پرویز، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد اور پی پی 98 فیصل آباد سے آزاد علی تبسم کوکامیابی پر مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اورصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی سے ثابت ہوگیا ہے کہ شیر جیت کا نشان ہے اور عوام نے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مثبت پالیسیوں پر بھر پوراعتماد کرکے مسلم لیگ(ن) کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائدین نے نہ پہلے عوام کو مایوس کی ہے اور نہ آئندہ مایوس کریگی اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پاکستان کو ایشین ٹائیگر بناکر دم لے گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام نے ضمنی انتخابات میں انتشاراور فساد پھیلانے والوں کو بری طرح مستر دکردیا ہے اب عوام ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

