پشین (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اوّل فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز پروفیسر اسد خان ترین، محمود ریاض، سید احسان آغا، سید اکبر کاکڑ اور ضلع پشین کے ضلع سینئر معاون آرگنائزر نصیب اللہ کلیوال نے 2 دسمبر کو منعقد ہونے والی ضلع پشین کی ضلعی کانفرنس، جو کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52 ویں برسی کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے، کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف یونٹس کے اجلاسوں سے خطاب کیا۔ بوستان علاقائی یونٹ سے مربوط درج ذیل ابتدائی و علاقائی یونٹس میں منعقد ہوئے۔ سول کالونی ابتدائی یونٹ، ریلوے کالونی ابتدائی یونٹ، کلی مہترزئی، کلی نیلئی، کلی صاحب خان ابتدائی یونٹ، کلی چوکل ابتدائی یونٹ، بازار کونہ علاقائی یونٹ سے مربوط اباسین شہید یونٹ، غفور لالا ابتدائی یونٹ، حاجی محمد سنزر خیل ابتدائی یونٹ، حاجی اللہ نور پشین ابتدائی یونٹ، حاجی کلی محمد عالم، کلی خیر آباد، تورہ شاہ نیوی کلئی، علاقائی یونٹ کلی ریگئی، اسکان خان ابتدائی یونٹ، اور حرمزئی علاقائی یونٹ سے مربوط کلی ڈورئی ابتدائی یونٹ۔ اجلاسوں میں پارٹی کے دیگر نمائندگان جن میں خلیل آغا، ڈاکٹر حیات کاکڑ، رفیع اللہ آغا، سردار فیصل خان ترین، سمیع اللہ بازئی، مولا داد اور روزی خان کاکڑ شامل تھے، نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے اسلاف خصوصاً بابائے افغان، عظیم دانشور عبدالرحیم خان مندوخیل، اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے سچائی پر مبنی نظریات و اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ ان رہنماؤں نے سچائی، دیانت داری، قومی غیرت، اور پشتون ملت و پشتونخوا وطن کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کی بنیاد پر جس منزل کا تعین کیا تھا، وہی منزل پارٹی کا نصب العین اور مقصد ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پشتونخوا نیپ کے انقلابی اور عوام دوست پروگرام سے متاثر ہوکر پشتونخوا وطن کے مختلف علاقوں سے لوگ بڑی تعداد میں پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، جس سے پارٹی کی حقانیت اور مؤقف عوام کے سامنے مزید واضح ہوگیا ہے۔ پارٹی بلا امتیاز رنگ و نسل، فرقہ و مذہب عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 دسمبر خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52 ویں برسی ہے، اور اسی مناسبت سے ضلع پشین کی ضلعی کانفرنس کو خان شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ رہنماؤں نے تمام پارٹی کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ کانفرنس کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں تاکہ یہ ضلعی کانفرنس بھرپور انداز میں منعقد ہوسکے۔

