خضدار(این این آئی) شہر خضدار میں ماہوں سے جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بلنگ مسائل کے حل کے لیئے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کی قیادت اور ان کی رہائشگاہ آفس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار اور کیسکو حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں بجلی کا نیا شیڈول طے کر لیا گیا، لوڈشیڈنگ کے دورانیئے نمایاں کمی اور بلنگ و میٹرز کے معاملات میں تعاون کا فیصلہ ہوا۔میٹنگ میں کمشنر قلات ڈویڑن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر طفیل بلوچ نے کیسکو حکام کو واضح ہدایات دیں کہ عوام اور شہر کے نمائندوں کے جائز مدعا کو ترجیح دی جائے، بجلی سے متعلق مسائل کا فوری اور مستقل حل ضروری ہے تاکہ عوام کو شکایت کا موقع ہی نہ ملے اس متعلق کیسکو مناسب رویہ اپنائے۔ اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار کے بازار اور رہائشی علاقوں میں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ اس سلسلے میں کیسکو تعاون کرے اور عوام کے جذبات کا احترام کرے خیراوہ فیڈر جو حال ہی میں فنکشنل ہوا تھا، اسے بھی مکمل طور پر بحال کیا جائے۔ کیسکو کو چاہیئے کہ شہریوں کی بات سنے اور ان کے مسائل کو ترجیح دے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر احمد جتک جنرل سیکریٹری عبدالقدیر زہری نے میٹنگ میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو کا رویہ شہریوں اور دکانداروں کے جذبات کو بھڑکا رہا ہے۔ پہلے باہمی مشاورت سے جو شیڈول طے ہوا تھا، اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اب یہ طے پائے کہ نیا شیڈول سختی سے نافذ ہوگا اور عوام کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا انہوں نے بجلی کی غیر منصفی پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور کیسکو سے فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔حافظ حمید اللہ مینگل، میر اشرف علی مینگل، ایڈووکیٹ غلام نبی سفرخان مینگل، قاری نذیر احمد، شاکر عبداللہ شاہوانی سمیت دیگر اراکین نے بھی اجلاس میں تجاویز دیئے کیسکو کی جانب سے عبدالرؤف سومرو، شکر اللہ اور دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ خضدار شہر کے لیئے بجلی کا نیا، باہمی رضامندی سے طے شدہ شیڈول فوری نافذ ہوگا،لوڈشیڈنگ کے اوقات میں واضح کمی کی جائے گی۔ بلنگ اور نئے میٹرز لگانے کے عمل میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کیسکو کے ساتھ تعاون کرے گی شرکاء کے دستخط شدہ منٹس کیسکو ہیڈ آفس کو بھجوائے جائیں گے اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گاآل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار نے میریونس عزیز زہری اور کمشنر قلات ڈویڑن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی دلچسپی اور فکر مندی سے ہی بجلی لوڈشیڈنگ کے مسائل حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

