میونسپل کمیٹی اوتھل کی صفائی، ستھرائی و کتا مار مہم بری طرح ناکام

اوتھل (این این آئی) میونسپل کمیٹی اوتھل کی صفائی، ستھرائی و کتا مار مہم بری طرح ناکام، شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگا، اسٹریٹ لائٹس بھی غیرفعال، تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں میونسپل کمیٹی کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ صفائی ستھرائی، نکاسی آب، اسٹریٹ کی بندش اور آوارہ کتوں کی تلفی کی جاری مہم بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جبکہ شہر کی بیشتر اسٹریٹ لائٹس بھی عرصہ دراز سے بند پڑی ہیں۔ نتیجتاً شہر گندگی، بدبو اور تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔شہر کے گنجان آباد علاقوں جن میں ارباب ہاؤسنگ اسکیم، مگسی کالونی، شریف کالونی اور مرکزی بازار شامل ہیں، میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نالے بند اور سیوریج کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ شہر کا مرکزی پھلیلی نالہ مکمل طور پر کچرے سے بند ہو چکا ہے جس سے نکاسی آب کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔میونسپل کمیٹی اوتھل کے فلاحی دعوے صرف سوشل میڈیا تک محدود دکھائی دیتے ہیں، عملی طور پر شہر کی صفائی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے اسکول جانے والے بچے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں