عوامی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر کیچ

تربت (این این آئی)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اْن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی فداحسین دشتی اور ڈاکٹر نور بھی موجود تھے۔ شرکاء نے بالخصوص بی ایس ڈی آئی پروگرام، اس کے نظام کار اور ضلع میں اس کی شفاف عملداری پر گفتگو کی۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ضلع میں جاری ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل اور مؤثر نگرانی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیچ ایک تاریخی اور اہم خطہ ہے، یہاں ترقی اور سہولیات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوامی ضروریات، سماجی ترقی اور فلاحی منصوبوں کو مزید فعال بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں