کیچ بار میں سعید فیض ایڈووکیٹ کے اعزاز میں ٹی پارٹی، وکلاء کا متحد حمایت کا اعلان

تربت (رپورٹر)(Balochistan دَروَر) مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے جنرل سیکریٹری عبدالماجد ایڈووکیٹ کی جانب سے مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کے امیدوار سعید فیض ایڈووکیٹ کے اعزاز میں کیچ بار روم میں ایک پُروقار ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں صدارتی امیدوار مکران ہائی کورٹ بار سعید فیض ایڈووکیٹ، سابق صدر کیچ بار مہر اللہ گچکی ایڈووکیٹ، مکران ہائی کورٹ بار کے بلامقابلہ منتخب جنرل سیکریٹری عبدالماجد ایڈووکیٹ، سابق صدر گوادر بار ایسوسی ایشن عبیداللہ ایڈووکیٹ، شبیر احمد رند ایڈووکیٹ اور عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مکران ڈویژن کے وکلاء میں اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، مشترکہ طور پر صدارتی امیدوار سعید فیض ایڈووکیٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ بار کے مفاد، وکلاء کی فلاح و بہبود اور ادارے کی مضبوطی کے لیے مضبوط، فعال اور تجربہ کار قیادت ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 29 نومبر کو منعقد ہو رہے ہیں، جن میں صدارتی نشست پر سعید فیض ایڈووکیٹ اور خلیل احمد ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

تقریب کے آخر میں سعید فیض ایڈووکیٹ نے اپنے انتخابی منشور کا تفصیلی اعلان کیا اور تمام وکلاء نمائندگان، کیچ بار کے معزز وکلاء اور شرکاء کی جانب سے ملنے والی حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں