لاہور(این این آئی)چین جانے والے پاکستانی زرعی ماہرین کے دوسرے بیج نے بھی تربیت مکمل کر لی،وزیر اعظم کے کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی زرعی ماہرین کے دوسرے بیچ کی گریجویشن تقریب چین میں منعقد ہوئی۔ اس بیج میں ایک ہزار پاکستانی زرعی ماہرین شامل تھے جنہوں نے خصوصی تربیت مکمل کی۔تین ماہ پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کو پاکستان کی زرعی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا تھا۔ اس میں زرعی مشینی سازی، پھل و سبزیوں کی پروسیسنگ ٹیکنالوجیز،ڈرونز اور دیگر فضائی ٹیکنالوجیز کے ذریعے جدید زرعی طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس تربیت کا مقصد اسمارٹ مشینری کی تحقیق و ترقی اور ڈیجیٹل فارم مینجمنٹ کی مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔گریجویشن تقریب کے دوران چار ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ ٹریننگ پروگرامز کے معاہدوں کے ساتھ ساتھ 23 تعاون کے منصوبوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ قونصل جنرل کی موجودگی میں ہونے والے یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اور اہم پیشرفت ہیں۔

