بلوچستان، ٹیکس کلیکشن کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر

کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں ٹیکس کلیکشن کے نظام اور اس میں بہتری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ، این ایف سی کنسلٹنٹ برائے بلوچستان محفوظ علی خان، چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان اور محکمہ خزانہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان نے صوبے میں ٹیکس کلیکشن کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں ٹیکس کلیکشن کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نان رجسٹرڈ سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے، تاکہ صوبائی محصولات میں پائیدار اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بی آر اے کی استعداد کار بڑھانے اور اسے جدید طرز پر استوار کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ضروری ہے تاکہ صوبے میں محصولات کی وصولی میں مزید اضافہ ہوسکے جس سے صوبے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں وزیر خزانہ نے بی آر اے ٹیم کی کوششوں اور پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کی مالیاتی خود انحصاری کے حصول کے لیے ٹیکس اصلاحات کا عمل کو شفاف اور مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں