کوہلو(این این آئی)آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوہلو کا ایک روزہ دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف، ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ، ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو سمیت قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے ساتھ عوامی کھلی کچہری میں شرکت کی۔ کھلی کچہری میں کوہلو اور بارکھان کے اضلاع کے انتظامی افسران، قبائلی رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری میں شریک کوہلو و بارکھان کے عمائدین اور شہریوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کے بارے میں آئی جی ایف سی کو آگاہ کیا۔ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے تمام مسائل نہایت توجہ سے سنے اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ایف سی بلوچستان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کوہلو اور بارکھان میں بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے۔کھلی کچہری کے شرکاء سے اپنے خطاب میں میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کہا کہ کوہلو اور بارکھان کے غیور عوام امن و ترقی کے سفر میں ہمارے اصل شراکت دار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ امن و ترقی ایک دوسرے کے بغیر ممکن نہیں، اور اسی مقصد کے لیے ایف سی بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، انہیں جدید تعلیم، ہنر مند پروگراموں اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اپنے دورے کے دوران آئی جی ایف سی نارتھ نے انٹرگرلز کالج کوہلو کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء کے لیے تعلیمی ماحول اور انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ بعدازاں آئی جی ایف سی نے کوہلو بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دکانداروں، تاجروں اور شہریوں سے ملاقات کی۔ عوام نے انہیں اپنے درمیان دیکھ کر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں قیام امن، عوامی رابطہ مہمات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں ایف سی کے کردار کو سراہا۔ کھلی کچہری میں کوہلو اور بارکھان کے شہریوں نے ایف سی بلوچستان کے عوام دوست اقدامات اور امن کے لیے مسلسل کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

