لاہور(این این آئی)مزید 190پاکستانیوں نے چین میں زرعی مہارت کے حوالے سے تربیت مکمل کر لی ہے۔چین کے شہر ووہان میں ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی میں 190 پاکستانی زرعی ماہرین کی تربیت مکمل ہونے پر گریجویشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ ماہرین وزیر اعظم پاکستان کی کیپیسٹی بلڈنگ اسکیم کے تحت ایک ہزار ماہرین کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہیں۔پاکستانی زرعی ماہرین نے24 اگست کو تین ماہ کا پروگرام شروع کیا تھا جس میں انہوں نے اسمارٹ ایگریکلچر، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار و پراسیسنگ، نیز ماہی پروری اور اس کی پراسیسنگ میں خصوصی تربیت حاصل کی،اسی دوران ان کے 86 پاکستانی ساتھیوں نے صوبہ سیچوان میں متوازی تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔یہ پروگرام مسلسل توسیع پا رہا ہے اور 10 نومبر کو 54 نئے پاکستانی ٹرینیز بیج، پیداوار اور پراسیسنگ ٹیکنالوجی کے تین ماہ کے خصوصی پروگرام کے لیے یونیورسٹی پہنچے ہیں۔

