تربت(نمائندہ)نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے زیر اہتمام نیشنل پارٹی کے سیکرٹریٹ تربت میں بلوچ دانشور، بی ایس او کے سابق چیئرمین، معروف سیاسی رہنما اور نظریاتی کارکن مرحوم ڈاکٹر کہور خان بلوچ کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ جس کا مہمان خاص نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر جناب ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صاحب تھے۔ تقریب میں نیشنل پارٹی اور بی۔ایس۔او پجار کے قائدین اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے نیشنل پارٹی قائد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سینئر رہنما ممبر مرکزی کمیٹی کہدہ اکرم دشتی، مرکزی فنانس سکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، سینئر کارکن بجار بلوچ، بی۔یس۔او پجار کے صوبائی جنرل سکریٹری شے مرید رشید اور صوبائی نائب صدر نجیب ڈی۔ایم نے شرکاء سے خطاب کیا جبکہ اسٹیج کے فرائض سرتاج گچکی نے سرانجام دئیے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت آصف فقیر نے حاصل کی۔
مقرریں نے ڈاکٹر کہور خان کی سیاست و شخصیت اور بلوچ قومی جدوجہد میں ان کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالا۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقرریں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر کہور خان بلوچ ایک باصلاحیت، متوازن فکر رکھنے والے، مدلل اور نظریاتی سیاسی کارکن تھے جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ جدوجہد، سیاسی تربیت اور عوامی خدمت کے لیے وقف کیا۔ ان کا شمار بلوچستان کے اُن دانشور سیاستدانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نظریے کو ہمیشہ ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔
تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی کے صدر جناب ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے سیاسی منظرنامے میں قیادت کا بحران ہے، متعدد اہم اور قد آور سیاسی رہنما ہم سے جدا ہو چکے ہیں اور ہم اب تک ان کے نعم البدل پیدا نہیں کر سکے۔ ایسے میں ڈاکٹر کہور خان جیسے فکری اور نظریاتی کارکنوں کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے بجائے کتب بینی تحریر اور تحقیق کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں، کیونکہ کتابیں ہی ایک سیاسی کارکن کی فکر کو وسیع کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن روزانہ کم از کم دو گھنٹے مطالعہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے کئی اضلاع میں متحرک اور فعال ہے، اور اس کا مضبوط تنظیمی ڈھانچہ سیاسی جدوجہد کی واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے پارٹی کے مقامی قیادت اور کونسلران کو ہدایت کی کہ وہ ممبر سازی مہم کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے ہر سطح پر سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔
میونسپل کارپوریشن تربت کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوامی خدمت انجام دے رہا ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر کہور خان کی خواہش تھی کہ کیچ میں ایک بڑے علمی و فکری پروگرام کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی فکری تربیت ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کہور خان بلوچ کی شخصیت علم، دلیل، شرافت اور سیاسی بصیرت کا حسین امتزاج تھی، وہ نہ صرف ایک سیاسی رہنما بلکہ ایک سچے بلوچ دانشور تھے۔
تقریب کے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر کہور خان بلوچ کے فکری مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

