کراچی (این این آئی)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروگرام ایس پی ایچ ایف ایک اسکیم سے بڑھ کر ایک سماجی انقلاب بن چکا ہے۔ اب تک بیس لاکھ افراد کی ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے اور پندرہ لاکھ لوگوں کے اکانٹس کھولے جا چکے ہیں، جبکہ مزید ساڑھے چھ لاکھ گھروں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہاسنگ پروگرام ایس پی ایچ ایف کے ذریعے دس لاکھ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور نو لاکھ خواتین کو زمین کی ملکیت دی گئی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں صاف پانی اور نکاسی آب کے لئے اڑتیس اعشاریہ پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور کے فور، حب، اسٹارم واٹر ڈرین اور KWSSIP-II جیسے منصوبوں کے لئے فنڈز بھی جاری ہو چکے ہیں۔ حکومت سندھ اپنے ترقیاتی ایجنڈے پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور واٹر، سینی ٹیشن اور میونسپل سروسز کی دو سو ترانوے اسکیمیں منظور کی جا چکی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے تمام منصوبوں کے لئے بروقت فنڈ ریلیز کی ہدایات بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں اور رابطہ نظام کی بہتری پر پیش رفت جاری ہے اور وزیراعلی اب تک چھ سو بیس روڈ منصوبوں کا جائزہ لے چکے ہیں۔ کورنگی کاز وے برج، انڈر پاسز اور لیاری ٹرانسفارمیشن منصوبہ بھی تکمیل کے قریب ہیں، ساتھ ہی نو سو ستر کلومیٹر سڑکوں کی بحالی پر کام جاری ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے لئے الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے، سندھ سولر انرجی پروجیکٹ سمیت پچیس ارب روپے کے رینیوایبل انرجی اقدامات پر عمل شروع ہو چکا ہے۔ سندھ حکومت کا وژن استحکام، خوشحالی اور مساوات پر مبنی ہے اور اسی مقصد کے تحت ترقیاتی سرگرمیاں صوبے بھر میں جاری ہیں۔

