شفاف انتخابی عمل کی صورت میں جمعیت کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد، مولوی سعید احمد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حافظ مسعود احمد، مولانا عبدالبصیر، حافظ سراج الدین، حافظ دوست محمد، مفتی روزی خان بادیزئی، حاجی قاسم خان خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی صالح محمد، عبدالصمد حقیار، مفتی نیک محمد، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، محمد عارف شمشیر، مفتی محمد ابوبکر، میر سرفراز شاہوانی، حاجی ظفراللہ کاکڑ، مفتی رضا خان، سیٹھ اجمل، سید سعداللہ آغا، عبدالباری شہزاد، مولوی جمال الدین حقانی، حاجی عطاء حمد شمشوزئی اور حافظ حبیب الرحمن نے شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، ووٹر لسٹوں میں غلطیوں کے حوالے سے عوامی شکایات، ماتحت یونٹوں سے موصول ہونے والی تجاویز، امیدواروں کی نامزدگیوں اور مرکزی و ٹاؤنز کمیٹیوں کی تحریری رپورٹس کا تفصیلی اور سنجیدہ جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے تنظیمی امور، انتخابی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے بھی کیے۔ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے خطاب میں کہا کہ شفاف انتخابی عمل کی صورت میں جمعیت کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ مشکل حالات میں عوامی حقوق کی پاسداری، بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہر کے اسلامی تشخص کا تحفظ اور جرائم کے انسداد کے لیے جدوجہد جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کا نمایاں امتیاز رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اتحاد، نظم و ضبط اور مسلسل عوامی رابطے کو مزید مضبوط کریں تاکہ بلدیاتی سطح پر مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں