کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کے اجلاس کی دوسری نشست ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیر صدارت ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری مرکزی چیئرمین برائے بلدیاتی الیکشن حاجی عین اللہ شمس نے حالات پر مفصل روشنی ڈالیں۔اجلاس رات گئے تک جاری رہا جس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نہایت اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس میں مرکزی کمیٹی، ٹاؤن کمیٹیوں اور ماتحت یونٹس کو ہدایات جاری کی گئیں کہ امیدواروں کے حوالے سے ٹاؤن کمیٹیاں اپنی سماعتیں جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں اسی کے ساتھ تمام ٹاؤنز کے چیئرمینوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہر یونین کونسل اور وارڈ میں جماعت کی موجودہ پوزیشن کا جامع خاکہ اور مکمل رپورٹ مرتب کرکے پیش کریں۔ مزید یہ کہ جوڑ توڑ، سیاسی روابط اور ممکنہ اتحاد سے متعلق یونٹس سے فوری تجاویز لی جائیں جبکہ ہر ٹاؤن کی سطح پر نمائندہ اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔آئمہ، خطباء اور علماء کرام کو انتخابی مہم کے حوالے سے اعتماد میں لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا کہ بلند بانگ دعوؤں اور کھوکھلے نعروں سے عوام کی مایوسی بڑھ چکی ہے۔ کوئٹہ کے باشعور عوام بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام پر اپنا بھرپور اعتماد کرتے ہوئے جماعت کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقِ رائے دہی کا احترام ہی جمہوریت کا اصل حسن ہے۔ جمہوری جماعتیں عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے صفِ اول کا کردار ادا کریں انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے والی کسی بھی قوت کو عوامی رائے پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

