اسحاق ڈار کا مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے،مسلم امہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔جاری بیان کے مطابق ہفتہ کو بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مختلف ممالک سے آئے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی تقریب سالانہ بنیادوں پر منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ مشترکہ عقائد اور ایمان کی بنیاد پر متحد ہے،علما کرام کو چاہئے کہ امہ میں اتحاد کی تعلیم دیں کیونکہ یہی مسلم دنیا کے مسائل کا بہترین حل ہے۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ متحد رہیں، کیونکہ زمین پر کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی،اللہ تعالی نے امہ کو وسائل سے نوازا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ دنیا اور خصوصا مسلم دنیا متعدد مسائل اور چیلنجز سے دوچار ہے،مسلم امہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات کسی بھی قسم کے دہشت گردی اور انتہاپسندی کی اجازت نہیں دیتیں اور ایک انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے، جبکہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013سے 2017 کے دوران نواز شریف کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، تاہم 2018میں کچھ غلطیاں ہوئیں جن کی وجہ سے 2021سے 2025کے دوران ہزاروں فوجی جوانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہاکہ اب وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کا عزم واضح ہے کہ دہشت گردی کا ایک بار پھر ملک سے خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے نوجوان شرکا کو نصیحت کی کہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور ہمدردی، محبت، انسانیت، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اخلاقی اوصاف پیدا کریں تاکہ مسلم امہ مضبوط ہو اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں