سوات(این این آئی)خپل کور ویلج پرائمری اسکول شیراڑئی میں دوسری سائنس و ثقافتی نمائش 2025 رنگارنگ انداز میں منعقد ہوئی جس میں ننھے طلبہ و طالبات نے بھرپور اعتماد کے ساتھ اپنی تخلیقی صلاحیتیں، سائنس ماڈلز اور ثقافتی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ بچوں نے روایتی لباس، پشتو اتن رقص، کھانوں اور مہندی کے اسٹالز لگا کر تقریب کو خوشگوار ماحول دیا، جبکہ کلاس تھری کی طالبہ فریحہ بی بی نے ثقافتی اسٹال کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے مہمانوں کے ہاتھوں پر خوبصورت مہندی ڈیزائن اور چوڑیاں لگا کر داد وصول کی۔ اسی طرح طالب علم سفیان نے سولر سسٹم کا ماڈل پیش کیا اور سیاروں کے متعلق تفصیلات نہایت اعتماد کے ساتھ شرکا کو بتائیں۔ نمائش میں والدین، اساتذہ اور مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بچوں کی محنت، لگن اور اعتماد کو سراہتے ہوئے اس بامقصد تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

