کوئٹہ (رپورٹر)نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 18 آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کی مضبوطی و دفاع کے متعلق گفتگو کو نہایت مثبت اور سنجیدہ قراد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری و متفقہ ترمیمات و اصلاحات وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی اور قومی اکائیوں کی سیاسی و معاشی استحکام کی بنیاد اور علامت ہے۔جو جمہوری سیاسی قوتوں کی طویل جمہوری جدوجہد و سنجیدہ سیاسی عمل کے مرہون منت ہے۔تمام سیاسی جمہوری جماعتوں کو 18 ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کی مکمل مخالفت کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ نے قومی اکائیوں کو با اختیار بنایا و اکائیوں کے درمیان اعتماد کو بروئے کار لایا۔ 18 ویں آئینی ترمیم نے قومی اکائیوں کی سیاسی و معاشی حقوق کو تحفظ فراہم کیا۔جو چارٹر آف ڈیموکریسی کی بنیادی حصہ ہیں جن پر سیاسی جماعتوں کی اجتماعی بصیرت، مفاہمت اور طویل سیاسی جمہوری جدوجہد کا تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے ایسے میں تمام جمہوری قوتیں ائین کی حکمرانی پارلیمان کی بالادستی صوبوں کی خود مختیاری اور 18 ویں ترمیم کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔نیشنل پارٹی صوبوں کے قومی آئینی حقوق اور وسائل پر اختیار کی وکالت ہر فورم پر کریگی۔۔

