چینی کمپنی کے وفد کا دورہ پاکستان،الیکٹرک وہیکل،صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا

لاہور(این این آئی)چین کی تیانجِن چوان ہوئی گروپ کے ایک وفد نے پاکستان کے الیکٹرک وہیکل اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جو سی پیک کے صنعتی تعاون کے مرحلے میں نئی پیشرفت کی نشاندہی کرتا ہے۔تین رکنی چینی ٹیم نے بیجنگ میں ستمبر میں ہونے والی پاکستان چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کے بعد بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سی پیک پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا فالو اپ دورہ کیا۔ کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ صنعتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے ایک مفاہمت پر دستخط کیے گئے تھے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے حکام نے وفد کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کے لیے موجود مراعات اور اراضی کے انتخاب سے متعلق امکانات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان اپنی صنعتی بنیاد کو وسعت دینے اور درآمدی انحصار کم کرنے کے لیے الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو ترجیح دے رہا ہے۔چینی گروپ نے پاکستان میں 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی اسمبلنگ لائن قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے چارجنگ انفراسٹرکچر اور الیکٹرک وہیکل پرزہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت کی۔مزید برآں، وفد نے زرعی شعبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی تجویز بھی پیش کی تاکہ ایندھن کی لاگت کم کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں