تاجروں کے مفادات کا تحفظ ترجیح،مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں،ترجمان کاشف حیدری

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم صوبے بھر کے تاجروں کے مفادات کی امین ہے اور ہم تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ماضی میں بننے والے گروپس نے تاجروں کے نام پر صرف اپنی ذاتی سیاست چمکائی، لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہزارہ ٹاؤن کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور کاروباری مراکز میں تاجروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تنظیم کی کمیٹی کے سینئر اراکین کے علاوہ رکن سپریم کونسل الیاس علی، منظور حسین، سلیمان علی، محمد مہدی، مختار حسین، محمد ہادی، علی شاہ، عزت اللہ کاظمی، ناصر علی سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے ہزارہ ٹاؤن کی مارکیٹوں کا دورہ کیا، دکانوں پر جا کر تاجروں سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کیں اور انہیں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کا پیغام پہنچایا۔ تاجروں نے وفد کو درپیش اپنے تمام تر مسائل سے آگاہ کیا۔ آشف حیدری نے تاجروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس سے قبل جتنی بھی تاجر تنظیمیں یا نام نہاد گروپس بنے، سب نے اجتماعی مفاد پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ ان لوگوں نے تاجروں کے جذبات کا استحصال کیا جس کی وجہ سے تاجر برادری مایوسی کا شکار رہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان صوبے کی وہ واحد نمائندہ تنظیم ہے جو کسی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر، صرف اور صرف ہمہ وقت، دن اور رات تاجروں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود میں پیش پیش ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس وقت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومتی سطح پر تاجروں کو وہ سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ مہنگائی، بے جا ٹیکسز اور انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے واقعات نے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے تو کوئی بھی قوت ہمارے حقوق غضب نہیں کر سکے گی۔ ہزارہ ٹاؤن سمیت کوئٹہ بھر کے تاجروں کو درپیش سیکیورٹی، صفائی اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے ہزارہ ٹاؤن کے تاجروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مرکزی تنظیم پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں