مستونگ میں پانی کا بدترین بحران؛ نیشنل پارٹی کا پی ایچ ای کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے کا اعلان

مستونگ (رپورٹر) نیشنل پارٹی مستونگ نے پی ایچ ای کی بڑھتی ہوئی نااہلی ، لاپروائی اور مجرمانہ غفلت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شہریوں کو فوری طور پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو شدید احتجاجی تحریک چلائی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر پی ایچ ای دفتر کی تالہ بندی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔
نیشنل پارٹی کے ضلعی ترجمان نے اپنے انتہائی سخت مذمتی بیان میں کہا کہ پی ایچ ای کے نا اہل جونیئر ایکسئن اور بے حس انتظامیہ نے مستونگ شہر کو عملاً کربلا میں تبدیل کر دیا ہے۔۔۔ شدید سردی میں بھی مستونگ سٹی ایریاز میں گزشتہ 18 سے 20 روز سے پینے کا پانی بند ہے، جس سے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پی ایچ ای حکام کی یہ روش عوامی مسائل سے لاتعلقی اور سرکاری فرائض سے کھلی غفلت کے مترادف ہے۔۔۔۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی مستونگ عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی مہم شروع کرے گی، اور پیدا ہونے والی تمام تر صورتحال کی ذمہ داری پی ایچ ای انتظامیہ پر عائد ہوگی۔۔۔
نیشنل پارٹی مستونگ نے صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران، سیکرٹری پی ایچ ای ہاشم غلزئی اور ایڈیشنل سیکرٹری بلوچستان سلطان بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ مستونگ کے نا اہل جونیئر ایکسئن کو فوری طور پر ہٹا کر اس کی جگہ ایماندار اور تجربہ کار افسر تعینات کیا جائے تاکہ مستونگ کے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی فی الفور یقینی بنائی جا سکے۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں