پنجگور (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے شہید ولید صالح بلوچ کے چہلم اور تعزیتی ریفرنس میں عوامی شرکت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، قائدین، سول سوسائٹی، بزرگوں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ یہ صرف نیشنل پارٹی یا ایک خاندان کا دکھ نہیں بلکہ پورے صوبہ اور پنجگور کا اجتماعی درد ہے جس پر عوام نے جس مثالی یکجہتی اور محبت کا اظہار کیاوہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان بھائی جو زندگی کی نئی شروعات کے دہانے پر تھا جس کی شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں اُسے بیدردی سے شہید کر دینا صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کے خوابوں کا قتل تھا لیکن اس غم کے عالم میں عوام نے جس طرح جنازے میں شرکت کی، تعزیتی پروگرام میں شریک ہوئے، اور جس بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیااُس نے ہمارے زخموں پر مرہم رکھا اور ثابت کیا کہ بلوچستان اور بالخصوص پنجگور کے عوام ظلم کے سامنے جھکنے والے نہیں۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہم اس عوامی اعتماد کو ایک قرض سمجھتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اس جدوجہد کو امانت سمجھ کر آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجگور کے عوام، بلوچ عوام، اور جمہوری قوتیں اسی طرح متحد رہیں تو کوئی طاقت ہمیں مٹا نہیں سکتی۔ ظلم، قتل و غارت اور خوف کی سیاست کو شکست دینا ممکن ہے، اگر ہم خاموش نہ رہیں، منتشر نہ ہوں اور پرامن جدوجہد کو جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے، اور آج بھی ہمارا نظریہ وہی ہے جیو اور جینے دو۔ ہم کسی پر اپنی رائے مسلط نہیں کرنا چاہتے اور نہ کسی کو اجازت دیں گے کہ وہ ہمارے حقوق، عزت، اور نظریات کو پامال کرے۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ پُرامن پنجگور اور پرامن بلوچستان صرف نعرہ نہیں، ہماری منزل ہے اور اس کے لیے ہمیں سماجی اور سیاسی بیداری کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں نفرت، انتقام اور تقسیم کی سیاست سے نکل کر محبت، بھائی چارے اور عوامی خدمت کی سیاست کو اپنانا ہوگا۔

