کمالیہ(این این آئی)پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد، وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر نے یونیورسٹی آف کمالیہ کا باضابطہ دورہ کیا جہاں ان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں جامعات کے مابین تعلیمی تعاون کے فروغ، مشترکہ ریسرچ پروگرامز اور مختلف اکیڈمک منصوبوں پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد کو یونیورسٹی آف کمالیہ کی جدید کمپیوٹر لیبز، سینٹرل لائبریری، اسمارٹ کلاس رومز اور نئے اکیڈمک بلاکس کا معائنہ کرایا گیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی معیاری تعلیمی سہولیات کو سراہا۔اپنے تاثرات میں ڈاکٹر سعید احمد نے کہا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ خطے میں جدید تعلیم و تحقیق کا ایک ابھرتا ہوا نمایاں مرکز بن چکی ہے۔ یونیورسٹی کا وژن، اس کا مضبوط انفراسٹرکچر اور تعلیمی ماحول واقعی قابلِ تعریف ہے۔آخر میں دونوں وائس چانسلرز نے بین الجامعاتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور اکیڈمک پارٹنرشپس کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

