کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) اپنے زیر انتظام صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں صارفین کوبلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکی خصوصی ہدایات پر گوادر پورٹ کے برقی ضرورت اور سسٹم کی بہتری کے پیش نظرکیسکو پراجیکٹ ڈائریکٹر(کنسٹرکشن)کی ٹیموں نے نئے فیڈروں کی تنصیب کے مختلف ترقیاتی کام مکمل کرلئے ہیں جن میں گوادر نارتھ فری زون (ون) اور گوادر نارتھ فری زون ٹو فیڈرز کے علاوہ گوادرسا ؤتھ (جی پی اے) کے مزید چار 11kvفیڈرزکی تعمیر کاکام بھی شامل ہیں جسے کیسکونے فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت مکمل کرلیاہے اوراس پر مجموعی طورپر 928 ملین روپے تخمینہ لاگت آئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر یوسف شاہ خان نے گزشتہ روز اپنے دورہ گوادرمیں مکمل کردہ منصوبوں کے 2نئے 11kV فیڈرز کا باقاعدہ طورپرافتتاح کر کے انرجائز کردیا۔ اس موقع پرکیسکوکے فنانس ڈائریکٹر محسن احسان، سپرنٹنڈنگ انجینئر(جی ایس او)سرکل انجینئر فاروق جھکرانی، ایکسیئن(آپریشن) ڈویژن حسین بخش، ایکسیئن (آر ای ڈی) کنسٹرکشن عزیز اللہ رند، ایکسیئن (جی ایس او) ایس ایس ایڈ ٹی ڈویژن گہرام گچکی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناء چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے گوادرمیں ڈیپ سی پورٹ، گوادرڈور اورجیوانی گرڈاسٹیشنوں کا دورہ کیااورانھوں نے گرڈاسٹیشن کے مختلف سیکشن کابھی معائنہ کیا۔علاوہ ازیں گوادرشہرمیں مزید11kv کے 2فیڈروں پر ری کنڈکٹرنگ کاکام بھی مکمل کر لیاگیا ہے۔ اسکے علاوہ گوادر شہر کے 11kVلعل بخش اور سٹی فیڈرز پر بھی ری کنڈکٹرنگ کا کام پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسکٹرکشن کی ٹیم تیزی سے کر رہی ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔اسی طرح کیسکوگرڈسسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) اورگرڈ آپریشن(جی ایس او) کے ٹیموں کی جانب سے 132kvٹرانسمیشن لائنز اور گرڈاسٹیشنوں میں نئے تنصیبات اوربرقی آلات کی انسٹالیشن بھی کئے جارہے ہیں تاکہ برقی نظام کے استحکام کے ساتھ ساتھ صارفین کومکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔

