کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار شیر علی کا پاسپورٹ فراہم کروا دیا گیا۔شکایت گزار شیر علی نے بتایا کہ وہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے متعدد بار پاسپورٹ آفس گئے۔لیکن انہیں تاریخ پہ تاریخ دی جا رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے کاغذات مکمل ہیں۔آفس والوں نے جو جو ڈاکومنٹس مانگے تھے وہ سارے منسلک کیے تھے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی تھی۔بلآخر انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کا پاسپورٹ جلد جاری کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو انکا پاسپورٹ فراہم کر دیا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

