کوہاٹ(این این آئی)خیبر پختونخوا ہائر ایجوکیشن اسٹریٹیجک فریم ورک اور ایکشن پلان پر اسٹیک ہولڈرز کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدرات سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی۔ اجلاس میں صوبے کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، سینئر فیکلٹی ممبران اور مختلف جامعات کی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس ضمن میں یہاں باخبر ذرائع نے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے آئندہ دس سالہ تعلیمی پالیسی اوررہنما اصولوں کی تشکیل تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کی گئی ہے جو صوبہ میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ شرکاء نے ٹاسک فورس کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی سطح کے برابر لانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ اس مشاورتی اجلاس کو صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ٹاسک فورس کمیٹی یہ سفارشات وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کو پیش کریں گی جبکہ منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

